Khuda Ke Fazl Se Mein Hun Gada Farooq e Azam ka - Written Islamic Naats

خدا کے فَضْل سے میں   ہوں   گدا فاروقِ اعظم کا


خدا کے فَضْل سے میں   ہوں   گدا فاروقِ اعظم کا
خدا اُن کا محمد مصطَفٰے فاروقِ اعظم کا


کرم اللہ کا ہر دم نبی کی مجھ پہ رَحمت ہے
مجھے ہے دو جہاں   میں   آسرا فاروقِ اعظم کا


پسِ صدّیقِ اکبر مصطَفٰے کے سب صحابہ میں  
ہے بے شک سب سے اونچا مرتبہ فاروقِ اعظم کا

گلی سے ان کی شیطاں   دُم دبا کر بھاگ جاتا ہے  
ہے ایسا رُعْب ایسا دبدبہ فاروقِ اعظم کا

صحابہ اور اہلِ بیت کی دل میں   محبت ہے
بَفیضانِ رضا میں   ہوں   گدا فاروقِ اعظم کا

رہے تیری عطا سے یاخدا! تیری عنایت سے
 ہمارے ہاتھ میں   دامن سدا فاروقِ اعظم کا

بھٹک سکتا نہیں   ہرگز کبھی وہ سیدھے رستے سے
کرم جس  بَخْت وَر پر ہو گیا فاروقِ اعظم کا

خدا کی خاص رحمت سے محمد کی عنایت سے
جہنَّم میں   نہ جائے گا گدا فاروقِ اعظم کا

سدا آنسو بہائے جو غَمِ عشقِ محمد میں  
دے ایسی آنکھ یارب! واسِطہ فاروقِ اعظم کا

مجھے حجّ وزیارت کی سعادت اب عنایت ہو
وسیلہ پیش کرتا ہوں   خدا فاروقِ اعظم کا

الٰہی! ایک مدّت سے مِری آنکھیں   ترستی ہیں  
دکھا دے سبز گنبد واسِطہ فاروقِ اعظم کا

شہادت اے خدا! عطّارؔ کو دیدے مدینے میں  
کرم فرما الٰہی! واسِطہ فاروقِ اعظم کا