Allah Ata Ho Mujhe Deedar e Madina - Written Islamic Naats

اللہ عطا ہو مجھے دیدارِ مدینہ
ہوجاؤں میں پھر حاضرِدربارِ مدینہ

آنکھیں مِری محروم ہیں مدّت سے الٰہی
عرصہ ہوا دیکھا نہیں گلزارِ مدینہ

پھر دیکھ لوں صَحرائے مدینہ کی بہاریں
پھر پیشِ نظر کاش! ہوں کُہسارِ مدینہ

پھر گنبدِ خَضرا کے نظارے ہوں مُیَسَّر
اللہ دِکھا دے مجھے انوارِ مدینہ

خاک آنکھوں میں محبوب کے کوچے کی سجا کر
دینے کو سلامی چلوں دربارِ مدینہ

کیا کیف و سُرور آتا تھاافسوس وہ میرے
تھے خواب وہ گویا سبھی اَسفارِ مدینہ

تعظیم کو اُٹھ جاتے سبھی قافلے والے
جوں ہی نظر آتے انہیں آثارِ مدینہ

پڑھ پڑھ کے سنایا ہے اِنہیں کلمۂ طیِّب
ایماں پہ ہیں شاھِد مِرے اَشجارِ مدینہ

شادابیِ جنّت کا میں مُنکِر نہیں لیکِن
ہے حُسْن میں بے مِثْل چَمن زارِ مدینہ

افسوس! مِرے نفس کو پھولوں کی طلب ہے
آ دِل میں سما جا مِرے اے خارِ مدینہ

کثرت سے دُرُود اُن پہ پڑھورب نے جو چاہا
سینے میں اُتر آئیں گے انوارِ مدینہ

سرکار بُلاتے ہیں مدینے میں کرم سے
اُس کو کہ جو ہو دل سے طلبگارِ مدینہ

رِحلَت کی گھڑی ہے مِرے اللہ دِکھا دے
صِرف ایک جھلک جلوۂ سرکارِ مدینہ

اللہ مجھے بخش، نہ ہو حَشر میں پُرسِش
کر لُطف وکرم از پئے سرکارِ مدینہ

یارب دلِ عطّارؔ پہ چھائی ہے اُداسی
کر شاد دِکھا کر اسے گلزارِ مدینہ