Naseeb Chamke Hain Farshion Ky - Written Islamic Naats - Naat Lyrics


نصیب چمکے ہیں فرشیوں کے کہ عرش کے چاند آرہے ہیں
جھلک سے جن کی فلک ہے روشن وہ شمس تشریف لارہے ہیں

زمانہ پلٹا ہے رُت بھی بدلی ، فلک پہ چھائی ہوئی ہے بدلی
تمام جنگل بھرے ہیں جل تھل ہرے چمن لہلہارہے ہیں

ہیں وَجد میں آج ڈا لیاں کیوں یہ رَقص پتوں کو کیوں ہے شاید
بہار آئی یہ مژدہ لائی کہ حق کے محبوب آرہے ہیں

خوشی میں سب کی کھلی ہیں باچھیں رَچی ہے شادی مچی ہیں دُھومیں
چرند اِدھر کھلکھلا رہے ہیں پرند ادھر چہچہا رہے ہیں

نثار تیری چہل پہل پر ہزار عیدیں ربیع الاوّل
سوائے اِبلیس کے جہاں میں سبھی توخوشیاں منارہے ہیں

شبِ وِلادت میں سب مسلماں نہ کیوں کریں جان ومال قرباں
اَبولہب جیسے سخت کافر خوشی میں جب فیض پارہے ہیں

زمانہ بھر میں یہ قاعدہ ہے کہ جس کا کھانا اسی کا گانا
تونعمتیں جن کی کھارہے ہیں انہیں کے ہم گیت گارہے ہیں

حبیبِ حق ہیں خدا کی نعمت بِنِعْمَۃِ رَبِّکَ فَحَدِّث
خدا کے فرمان پر عمل ہے جو بزمِ مولا سجارہے ہیں

تَبَارَکَ اللہ حکومت اُن کی زمیں تو کیا شے ہے آسماں پر
کیا اشارے سے چاند ٹکڑے چھپا ہوا خور بلا رہے ہیں

میں تیرے صدقہ زمینِ طیبہ فدا نہ کیوں تجھ پہ ہو زمانہ
کہ جن کی خاطر بنا زمانہ وہ تجھ میں آرام پارہے ہیں

ہیں جیتے جی کے یہ سارے جھگڑے مچی جو آنکھیں تمام چھوٹے
کریم جلوہ وہاں دکھانا جہاں کہ سب منہ چھپارہے ہیں

جو قبر میں اپنی ان کو پاؤں پکڑ کے دامن مچل ہی جاؤں
جو دل میں رہ کے چھپے تھے مجھ سے وہ آج جلوہ دکھارہے ہیں

نکیرو پہچانتا ہوں ان کو یہ میرے آقا یہ میرے داتا
مگر تم ان سے تو اتنا پوچھو یہ مجھ کو اپنا بتارہے ہیں

خدا کے وہ ہیں خدائی ان کی رب ان کا مولا وہ سب کے آقا
نہیں خدا تک رَسائی ان کی جو ان سے ناآشنا رہے ہیں

تمام دنیا ہے مِلک جن کی ہے جو کی روٹی خوراک ان کی
کبھی کھجوروں پہ ہے گزارا کبھی چھوارے ہی کھارہے ہیں

پھنسا ہے بحرِ اَلم میں بیڑا پئے خدا ناخدا سہارا
اکیلا سالکؔ ہیں سب مخالف ہمومِ دنیا ستا رہے ہیں