Ya Rabb e Muhammad Meri Taqdeer Jaga De - Written Islamic Naats - Lyric Naats


یاربِ محمد مِری تقدیر جگادے
صَحرائے مدینہ مجھے آنکھوں سے دکھادے

پیچھا مِرا دنیا کی محبت سے چُھڑا دے
یارب مجھے دیوانہ مدینے کا بنادے

روتا ہوا جس وقت میں دربار میں پہنچوں
اُس وقت مجھے جلوۂ محبوب دکھادے

دل عشقِ محمد میں تڑپتا رہے ہردم
سینے کو مدینہ مِرے اللہ بنادے

بہتی رہے اکثر شہِ ابرار کے غم میں
روتی ہوئی وہ آنکھ مجھے میرے خدا دے

ایمان پہ دے موت مدینے کی گلی میں
مدفن مِرا محبوب کے قدموں میں بنادے

اللہ کرم اتنا گنہ گار پہ فرما
جنّت میں پڑوسی مِرے آقا کا بنادے

دیتا ہوں تجھے وَاسِطہ میں پیارے نبی کا
اُمَّت کو خدایا رہِ سنّت پہ چلا دے

اللہ ملے حج کی اِسی سال سعادت
بدکار کو پھر روضۂِ محبوب دکھادے

عطارؔ سے محبوب کی سُنَّت کی لے خدمت
ڈنکا یہ تِرے دین کا دُنیا میں بجادے