Karbala Ky Jan Nisaron Ko Salam - Written Islamic Naats - Naat Lyrics


کربلا کے جاں نثاروں کو سلام
فاطِمہ زَہرا کے پیاروں کو سلام

مصطَفٰے کے ماہ پاروں کو سلام
نوجوانوں گُلْ عِذاروں کو سلام

کربلا تیری بہاروں کو سلام
جاں نثاری کے نظاروں کو سلام

یاحسین ابنِ علی مُشکل کُشا
آپ کے سب جاں نثاروں کو سلام

اکبر و اصغر پہ جاں قربان ہو
میرے دل کے تاجداروں کو سلام

قاسم و عبّاس پر ہوں رحمتیں
کربلا کے شہَسُواروں کو سلام

جس کسی نے کربلا میں جان دی
ان سبھی ایمانداروں کو سلام

بھوکی پیاسی بِیبیوں پر رحمتیں
بھوکے پیاسیگُلْ عِذاروں کو سلام

بھید کیا جانے شہادت کا کوئی
اُن خُدا کے رازداروں کو سلام

بے بسی میں بھی حیا باقی رہی
سب حُسینی پردہ داروں کو سلام

رحمتیں ہوں ہر صحابی پر مُدام
اور خُصُوصًا چار یاروں کو سلام

بیبیوں کو عابِدِ بیمار کو
بے کسوں ، غم کے ماروں کو سلام

ہو گئے قرباں محمد اور عَون
سیِّدہ زَینب کے پیاروں کو سلام

کربلا میں ظلم کے ٹوٹے پہاڑ
جن پہ ان سب دلفِگاروں کو سلام

اٰل و اصحابِ نبی کے جس قَدَر
چاہنے والے ہیں ساروں کو سلام

یاخدا! اے کاش! جاکر پھر کروں
کربلا کے سب مزاروں کو سلام

تین دن کے بھوکے پیاسے آپ کی
یانبی! آنکھوں کے تاروں کو سلام

جو حُسینی قافِلے میں تھے شریک
کہتا ہے عطارؔ ساروں کو سلام