Phir Gumad e Khizra Hi Fizaon Me Bula Lo - Written Islamic Naats - Naat Lyrics


پھر گنبدِ خَضرا کی فضاؤں میں بُلالو
سرکار بلا کر مجھے قدموں سے لگالو

قدموں سے لگا کر مجھے دیوانہ بنالو
دنیا کی مَحَبَّت کو مرے دل سے نکالو

گو خوار و گنہگار ہوں جیسا ہوں تمھارا
سرکار! نبھالو مجھے سرکار نبھالو

صدقہ مجھے سرکار نواسوں کا عطا ہو
اَغیار کے ٹکڑوں سے شہنشاہ بچالو

یاشاہِ مدینہ مری امداد کو آؤ
آفات و بَلیّات کے پنجوں سے نکالو

طُوفان کی موجوں میں جہاز اپنا گِھرا ہے
سرکار! بچالو اسے سرکار! بچالو

سرکار! مرے خون کا پیاسا ہوا دشمن
شہزادوں کا صد قہ مجھے دشمن سے بچالو

اُوجَڑ ہوئی جاتی ہے مری زِیست کی بستی
ہو جائے گی آباد نظر لُطف کی ڈالو

ویران ہوا جاتا ہے خوشیوں کا گلستاں
اِس اُجڑے چمن پر بھی نِگہ لُطف کی ڈالو

دم توڑنے والا ہے گناہوں کا مریض اب
اے جانِ مسیحا! اسے تم آکے بچالو

مرنے کا شَرَف اب تو مدینے میں عطا ہو
دردر کی مجھے ٹھوکروں سے شاہ بچالو

مدفن ہو عطا میٹھے مدینے کی گلی میں
لِلّٰہِ پڑوسی مجھے جنّت میں بنا لو

کھینچے لئے جاتے ہیں جہنّم کو ملائک
اے شافِعِ محشر پئے شَیخَین بچالو

فُرقَت میں تڑپتے ہیں جو مِسکین بچارے
اَسباب عطا کر کے انہیں در پہ بلالو

محبوبِ خدا! سر پہ اَجَل آکے کھڑی ہے
شیطان سے عطارؔ کا ایمان بچالو